سدھارتھ نگر :(ایجنسی)
سخت حملہ کرتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم کے قومی صدر اسد الدین اویسی نے ایک بار پھر ایس پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اعظم خاں اور عتیق احمد کو جیل پہنچانے کے ذمہ دار اکھلیش یادو ہیں۔ اعظم خاں کا بڑھتا ہوا قد اکھلیش یادو کو کھٹک رہا تھا، اس لیے اس نے کبھی اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
جمعہ کو انہوں نے سدھارتھ نگر ضلع کے شہرت گڑھ سے پارٹی امیدوار ڈاکٹر سرفراز انصاری اور علاقے کے چھتہری میدان میں اٹاوہ ودھان سبھا سے امیدوار رمیش گوتم کے حق میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اسد الدین اویسی اپنے جانے پہچانے انداز میں ایس پی کے ساتھ ساتھ بی جے پی پر حملہ کرتے نظر آئے۔
انہوں نے بی جے پی اور ایس پی اتحاد کے امیدوار کو باہری بتاتے ہوئے کہا کہ بھاگیداری پریورتن مورچہ کے امیدوار یہیں سے ہیں اور وہ ہمیشہ عوام کے دکھ اور خوشی میں کھڑے رہیں گے۔ کورونا کے دور میں حکومت کی لاپروائی کاعالم یہ رہا کہ لاشیں ندیوں میں تیرتی ہوئی ملیں اور ان کی آخری رسومات ادا نہ ہو سکیں۔
کسان اپنی فصلوں کو آوارہ جانوروں سے بچانے کے لیے چوکیدار بن گئے:
یوگی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں کسانوں کو نئی نوکریاں مل گئی اور وہ آوارہ مویشیوں سے اپنی فصل کی چوکیداری کرنے کو مجبور ہیں۔ مفت راشن دینے کا دعویٰ کرنے والی مودی یوگی حکومت آپ کے ٹیکس کے پیسے سے عوام کو راشن دے رہی ہے۔ مہنگائی اپنے عروج پر ہے اور بی جے پی اسے روکنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن ادھیکار پارٹی کے قومی صدر بابو سنگھ کشواہا نے سرکاری اور غیر سرکاری ملازمتوں میں آبادی کے لحاظ سے حصہ داری کی بات کرتے ہوئے سب کے لیے مفت صحت اور تعلیم کی بات کی ہے۔ بی جے پی اور ایس پی کے پاس کوئی مدعانہیں ہے اور وہ خوف دکھا کر لوگوں کا ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس دوران پارٹی کے ریاستی صدر شوکت علی، جگناتھ موریہ، شائستہ ثنا، درگاوتی، سراج الدین وغیرہ موجود تھے۔