نئی دہلی :(ایجنسی)
این ڈی ایم سی کی جانب سے جہانگیر پوری میں انسداد تجاوزات مہم طے کرنے کے بعد، عام آدمی پارٹی کے لیڈر امانت اللہ خاں نے بدھ کو الزام لگایا کہ وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی دہلی کے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
ٹویٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں، اوکھلا کے ایم ایل اے نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میںانہیں ’ پریشان ‘ کرنے کے لیے ’ایک خاص برادری ‘ کے گھروں کو مسمار کرنے سے علاقے میں ماحول اور خراب ہو جائےگا۔ انہوں نے وزیر داخلہ اور بی جے پی لیڈروں سے اس طرح کی کارروائی کرنے سے پرہیز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انتباہ دیا ہے کہ ملک کا ماحول پہلے ہی خراب ہو چکا ہے ۔
آؤٹ لک کی خبر کے مطابق دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خاں نے کہا، ’اگر وقت پر نہیں روکا گیا تو اس قسم کی گھٹیا سیاست ملک کو برباد کر دے گی۔‘ بی جے پی کے زیر اقتدار شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) نے بدھ سے جہانگیر پوری میں دو روزہ انسداد تجاوزات مہم شروع کرنے کااعلان کیا تھا لیکن سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد اسے فی الحال روک دیا گیا ہے۔