نئی دہلی؛انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے عام آدمی پارٹی کے دبنگ مسلم لیڈر اور وقف بورڈ کے سابق چئیرمین کو پھر وٹس بھیجا ہے خبر کے مطابق ایم ایل اے امانت اللہ خان کو دہلی وقف بورڈ میں ان کے چئیرمین رہتے مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں 29 اپریل کو دوبارہ پیش ہونے کے لیے کہا ہے۔
گزشتہ ہفتے ای ڈی نے امانت اللہ خان سے تقریباً 13 گھنٹے کی تفتیش کی تھی، جبکہ عدالت نے گزشتہ روز ہی انہیں ای ڈی کی جانب سے درج شکایت میں ضمانت دی تھی۔
خبروں کے مطابق ای ڈی نے مسٹر خان کو 29 اپریل کو پیش ہونے اور پی ایم ایل اے کی دفعات کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے کہا ہے۔ اسی سے متعلق ایک معاملے میں دہلی کی ایک عدالت نے امانت اللہ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ سمن کو نظر انداز کرنے کے لئے دائر ایک کیس میں ضمانت دی ہے۔
ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ دویا ملہوترا نے عدالت میں پیش ہونے کے بعد امانت اللہ کو 15,000 روپے کے ذاتی مچلکے اور اتنی ہی رقم کی ضمانت پر رہا کیا تھا۔ واضح ہو دہلی کابینہ کی وزیر آتشی نے پہلے کہا تھا کہ ایم ایل اے کے خلاف ای ڈی کا مقدمہ فرضی ہے اور پارٹی اپنے ایم ایل اے کے ساتھ کھڑی ہے۔ امانت اللہ خان 18 اپریل کو ایجنسی کے سامنے پیش ہوئے تھے جب سپریم کورٹ نے اس معاملے میں ان کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کردیا۔اس رات یہ خبر پھیل گئی تھی کہ تفتیش کے بعد امانت اللہ کو ایجنسی نے گرفتار کرلیا یہ خبر غلط ثابت ہوئی کیونکہ دیر رات وہ گھر آگئے ای ڈی نے تفتیش کے بعد چھوڑدیا تھا ۔اس دوران ان کے گھر عام آدمی پارٹی کی پوری قیادت اخلافی حمایت دینے ان کے گھر پہنچ گئی اور کہا کہ پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے
گزشتہ ہفتے سماعت کے لیے ای ڈی کے دفتر میں داخل ہونے سے پہلے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایم ایل اے امانت اللہ نے دعوی کیا تھا کہ جب وہ وقف بورڈ کے چیئرمین تھے تو انہوں نے قواعد کی پیروی کرتے ہوئے، قانونی رائے لینے کے بعد 2013 کے نئے ایکٹ کے مطابق کام کیا تھا۔ واضح رہے کہ امانت اللہ اور ان کے مبینہ ساتھیوں کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی ایف آئی آر اور دہلی پولیس کی تین شکایات سے متعلق ہے۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ امانت اللہ نے دہلی وقف بورڈ میں ملازمین کی غیر قانونی بھرتی کے ذریعے نقد رقم لی تھی اور اس رقم کو اپنے ساتھیوں کے نام پر غیر منقولہ جائیداد خریدنے میں استعمال کیا تھا۔