نئی دہلی :(ایجنسی)
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ترجمان نوپور شرما کے خلاف گیان واپی کے معاملے پر ایک انگریزی چینل پر ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی نیوز ڈیبیٹ کے دوران پیغمبر اسلام کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے الزام میں ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ ایف آئی آر 31 مئی کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما کی شکایت کی بنیاد پر پونے کے کونڈوا پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے۔
شرما کے خلاف پہلے بھی اسی طرح کی قانونی دفعات کے تحت دو مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ہندوستانی سنی مسلمانوں کی سنی بریلوی تنظیم رضا اکیڈمی کی شکایت کے بعد ممبئی میں تعزیرات ہند (IPC) کی دفعہ 295A،153A اور 505B کے تحت ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایک پولیس افسر کی شکایت پر حیدرآباد کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں شرما کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153 (A)، 504، 505 (2) اور 506 کے تحت مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ شرما نے’پیغمبر اسلام اور مذہب اسلام کے خلاف توہین آمیز، جھوٹے اور مجروح الفاظ استعمال کیے اور مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی‘اور فوری کارروائی کی مانگ کی ۔