نئی دہلی: ایم سی ڈی انتخابات 2022 کی مہم کے دوران مبینہ طور پرایک پولیس اہلکار کے ساتھ بدزبانی کرنا کانگریس لیڈر آصف محمد خان کو مہنگا پڑا ہے۔ اس معاملے میں دہلی پولیس نے انہیں ہفتہ کو ساکیت عدالت میں پیش کیا۔ کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے آصف خان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ اب آصف خان کی ضمانت سے متعلق سماعت پیر کو ہی ہوگی۔ پولیس نے اس معاملے کے ملزم آصف محمد خان کو ہفتہ کی صبح ہی شاہین باغ علاقے سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدزبانی و ہاتھا پائ کرنے کے معاملہ میں آصف محمد خان کے کچھ ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔