رامپور:(آر کے بیورو)
سماج وادی پارٹی(ایس پی) ایم ایل اے محمد اعظم خاں ہفتہ کو پیدائش سرٹیفکیٹ معاملے میں سماعت کے لئے ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں پیش ہوئے۔
اعظم خاں جمعہ کو تقریباً 27مہینوں کے بعد عبوری ضمانت پر سیتا پور جیل سے رہا ہوکر رام پور پہنچے ہیں۔ ان پر 89 مقدمے درج ہیں۔ آج اپنے گھر سے اعظم خاں پیشی کے لئے عدالت پہنچے۔ اعظم خاں کے ساتھ ان کے حامیوں کی بھیڑ موجودرہی۔
اس دوران پیدائش سرٹیفکیٹ کے مدعی اور اعظم خاں کے زیادہ تر مقدموں میں مدعی بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ عرف ہنی بھی عدالت پہنچے۔ اعظم کے ساتھ ان کے بیٹے عبداللہ اعظم بھی موجود رہے۔ عبداللہ بھی اس معاملے میں ملزم ہیں۔
بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ عرف ہنی نے سال 2019 میں تھانہ گنج میں دو پیدائش سرٹیفکیٹ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے مقدمہ درج کرایا تھا۔ اس معاملے میں اعظم خاں، ان کی بیوی ڈاکٹر تزئین فاطمہ اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو ملزم بنایا گیا تھا۔