رامپور (آر کے بیورو) سماج وادی پارٹی کے بانی رکن اور پارٹی کے قدآور رہنمامحمد اعظم خان رامپور صدر اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب میں اپنی پارٹی کو کامیابی دلانے کی پورے تن من دھن سے لگے ہیں ۔ انہوں نے اتوار کو ایک انتخابی میٹنگ میں جذباتی اپیل کی ہے ۔ اعظم خان نے عاصم راجہ کی حمایت میں اس جلسے میں لوگوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ اب مجھے دھوکہ نہ دینا۔ میرے پاس اب وقت نہیں ہے۔ عاصم رضا کو جتوائیں اور میری جگہ اسمبلی بھیجیں۔ لوک سبھا ضمنی انتخاب میں انہیں دھوکہ دیا گیاتھا۔
اعظم خان نے27 ماہ تک جیل میں رہنے کا درد بھی انتخابی ریلی سے خطاب کےدوران بیان کیا اور کہا
کہا کہ آپ لوگ الیکشن میں میرے خون کے آنسوؤں کا بدلہ لیں۔ آج تک نہ جان سکا کہ میرا قصور کیا ہے، یہ حکومت میری جان کی دشمن کیوں بن گئی ہے؟۔
واضح ہو نفرت انگیز تقریر کرنے کے معاملہ میں تین سال کی سزا پانے والے اعظم خان کو اسمبلی سے نااہل قرار دینے پر رام پور میں 5 دسمبر کو ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ ہونے والی ہے۔۔ یہاں سماج وادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل (RLD) کے امیدوار عاصم راجہ ہیں جو اعظم خان کے بہت قریب ہیں ۔
اعظم خان اب عاصم راجہ کے حق میں دن رات مہم چلانے میں مصروف ہیں۔ جہاں سماج وادی پارٹی کے تمام بڑے لیڈر مین پوری میں کھڑے ہیں، اعظم خان نے اکیلے ہی رامپور میں مورچہ سنبھالا ہے۔ وہ یہاں اکھلیش یادو کے ساتھ جینت چودھری اور چندر شیکھر کی آمد کا انتظار کر رہے ہیں ۔