لکھنؤ:(ایجنسی)
سماج وادی پارٹی کی سرپرست اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو کی بہو اپرنا یادو کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ اپرنا یادو کو یہ دھمکی وہاٹس ایپ کال پر ملی ہے۔ اس دھمکی کے بعد اس سلسلے میں لکھنؤ کے گوتم پلی تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
وہاٹس ایپ کال پر اے کے 47 سے ملی دھمکی کے بعد گوتم پلی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ اپرنا یادو نے یوپی اسمبلی انتخابات سے قبل سماج وادی پارٹی چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ وہ 19 جنوری کو بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کے بعد بی جے پی میں شامل ہوئیں تھی۔ یوپی بی جے پی کے صدر سواتنتر دیو سنگھ اور ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ نے انہیں پارٹی میں شامل کیا تھا۔ قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ انہیں کہیں سے اسمبلی انتخابات کا ٹکٹ مل سکتا ہے۔ تاہم، اپرنا نے کہا تھا کہ وہ الیکشن لڑنے کے لیے نہیں ،قوم کی تعمیر میں حصہ ڈالنے کے لیے پارٹی میں شامل ہوئی ہیں۔