بھوپال :(ایجنسی)
مدھیہ پردیش کے ریوا سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ جناردن مشرا کا ایک اور بیان سرخیوں میں آگیا ہے۔ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی جناردن مشرا نے کہا کہ جو لوگ صفائی کے کام میں رکاوٹ ڈالتے ہیں، انہیں جینے کا حق نہیں ہے، انہیں پھانسی دی جانی چاہیے۔ جناردن مشرا کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔
درحقیقت اندور میں ایشیا کے سب سے بڑے بائیو سی این جی پلانٹ کے ورچوئل افتتاح کے دوران ایم پی جناردن مشرا نے کہا کہ ‘جو لوگ ڈسٹ بنوں کو آگ لگاتے ہیں، انہیں توڑ دیتے ہیں، انہیں پھانسی پر لٹکا دینا چاہیے۔ اس سے بڑی بدقسمتی اور کوئی نہیں ہوسکتی۔ صفائی کے کام میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو جینے کا کوئی حق نہیں۔
بتا دیں کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جناردن مشرا کا کوئی بیان سرخیوں میں آیا ہو۔ اس سے قبل بھی ان کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں وہ کرپشن پر بات کر رہے تھے۔
ویڈیو میں مشرا کو یہ کہتے ہوئے دیکھا گیاتھا کہ اگر سرپنچ 15 لاکھ روپے تک کی بدعنوانی کرتا ہے تو وہ اپنی شکایت لے کر ان کے پاس نہ آئیں، ہاں اس سے زیادہ رقم کے گھوٹالے پر بات ہو سکتی ہے۔ وائرل ویڈیو میں ایم پی جناردن مشرا کہہ رہے تھے ’لوگ سرپنچ پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہیں‘۔ میں ان سے مذاق میں کہتا ہوں کہ اس نے (سرپنچ) 15 لاکھ تک کی کرپشن کی ہے تو بھائی ہم سے بات نہ کریں۔ اگر وہ 15 لاکھ سے زیادہ کا کر رہا ہے تو یہ کرپشن ہے۔