علی گڑھ :(ایجنسی)
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے گھر کی دیواروں پر متنازع ریمارکس لکھنے پر یونیورسٹی نے پانچ سیکورٹی اسٹاف کو معطل کر دیا ہے، جبکہ تین بچوں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ معلومات کے مطابق یہ تنازع آف لائن کلاس شروع کرنے کو لے کر ہے۔ الزام ہے کہ وی سی کے گھر کی دیوار پر کچھ بچوں نے لکھا، اے ایم یو کو سنٹرل یونیورسٹی کا درجہ ملا، وی سی کو ایکسٹینشن مل گئی، آپ (طلبہ) کو کیا ملا؟ کینیڈی ہال میں تقریب، کلاس روم میں کورونا، وی سی جاگو…
اے ایم یو کے وائس چانسلر طارق منصور کے گھر کے باہریہ سطریں لکھی گئی تھیں۔ وی سی کے گھر کی دیوار کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے کارروائی کی۔ یونیورسٹی پراکٹر محمد وسیم علی کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے کام میں غفلت برتنے کے الزام میں پانچ سکیورٹی اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملزم طلباء کو 24 گھنٹے کے اندر نوٹس کا جواب دینے کا وقت دیا گیا ہے۔ ان کے جواب کی بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دراصل یہ سارا تنازع یونیورسٹی کھولنے میں تاخیر کو لے کر ہے۔ اے ایم یو کے طلبہ کا کہنا ہے کہ طلبہ کو کورونا بول کر کالج آنے سے روکا جارہا ہے، وہیں یونیورسٹی میں موجود کینیڈی آڈیٹوریم میں ثقافتی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ طلباء کا یہ بھی کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا تھا کہ وہ آہستہ آہستہ یونیورسٹی کھولنا شروع کر دیں گے لیکن اب بھی یونیورسٹی کا 80 فیصد حصہ بند ہے۔