پٹنہ :
بہار کے محکمہ صحت نے آج اپنی غلطی قبول کرتے ہوئے بتایاکہ ریاست میں کورونا سے 5424 نہیں بلکہ 9375لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔
محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری پرتیہ امرت نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ محکمہ صحت نے 8 جون تک کورونا سے 5424 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے، جو صحیح نہیں ہے۔ اصل تعداد 9375 ہے۔ در حقیقت ریاست میں کورونا کی وجہ سے ہونے والی اموات کے معاملوں کا جائزہ لیا گیا تھا جس میں معلوم ہواکہ کورونا کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد اضلاع سے نہیں بھیجی جارہی تھی۔
مسٹر امرت نے بتایا کہ 18 مئی کو تمام اضلاع سے کورونا سے ہلاکت کی تازہ ترین تصدیق شدہ رپورٹیں طلب کی گئیں۔ اس کے لئے تمام اضلاع کو دس دن کا وقت دیا گیا تھا، لیکن اس کے لیے مزید وقت مانگے جانے پر انہیں اضافی وقت بھی دیا گیا۔ کورونا سے موت کے معاملوں کی تصدیق کو لے کر میڈیکل کالج اسپتال سطح پر پرنسپل ، سپرنٹنڈنٹ اور شعبہ میڈیسن کے سربراہ کی کمیٹی بنائی گئی تھی، جبکہ اضلاع میں سول سرجن ، اسسٹنٹ سول سرجن اور میڈیکل آفیسر کے ذریعہ میڈیکل افسر نامی کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ دنوں کمیٹیوں نے اپنی رپورٹ محکمہ کو سونپ دی ہے۔