پریاگ راج:(ایجنسی)
اُترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے سیاسی ماحول بن گیا ہے ایسے میں یو پی کے ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ سے جڑی بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ کیشو پرساد موریہ کی ڈگری کا معاملہ اب ہائی کورٹ تک جا پہنچا ہے۔ ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ کی ڈگری کو لے کر مجسٹریٹ کے حکم کے خلاف ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے، جس پر 3 فروری کو سماعت ہوگی۔ مجسٹریٹ کے روبرو فرضی ڈگری کی شکایت کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرانے کا حکم جاری کرنے کی مانگ کی گئی تھی۔
نیوز 18 کی خبر کے مطابق ہائی کورٹ میں دائر عرضی میں اے سی جے ایم پریاگ راج کے 4 ستمبر 2021 کے حکم کو چیلنج دیا گیا ہے۔ اُس حکم میں مجسٹریٹ نے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم جاری کرنے سے انکار کردیا تھا اور عدالت نے دفعہ 156(3) ضابطہ فوجداری کے تحت دائر درخواست خارج کر دی گئی۔
یہ عرضی بی جے پی سے نکالے گئے دیواکر ناتھ ترپاٹھی کی جانب سے داخل کی گئی ہے۔ درخواست گزار کا الزام ہے کہ یوپی بورڈ کے سکریٹری نے بتایا ہے کہ ہندی ادب میلہ پریاگ راج کی پرتھم، مدھیما، وشارد کی ڈگری ہائی اسکول کے برابر درست نہیں ہے۔ کیشو موریہ نے اس ڈگری کی بنیاد پر آگے کی تعلیم حاصل کی جو کہ غیر قانونی ہے اور جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ جسٹس راجیو گپتا کی سنگل بنچ میں سماعت ہوئی۔