بھوپال :
کورونا وبا میں آکسیجن سے لے کر دوائیوں کی کمی کے سبب اسپتالوں میں ہا ہا کار مچا ہوا ہے اور لوگ بہتر علاج کے لیے یہاں سے وہاں دوڑ رہے ہیں ، لیکن ایسے نازک وقت میں مدھیہ پردیش سرکار کی وزیر اوشا ٹھاکر کا بیان آیا ہے کہ آپ یگیہ کیجئے اور اس سے کورونا وبا کی تیسری لہر بھارت کو چھو نہیں پائے گی۔
جبکہ کورونا کی تیسری لہر کے بارے میں خود سرکار، سائنس دان اور ڈاکٹرز متنبہ کرچکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دوسری لہر سے بھی زیادہ خطرناک ہوگی اور اس سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں کرنی ہوں گی، لیکن وزیر اوشا ٹھاکر کے مطابق آپ یگیہ میں آہوتی ڈالئے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔
شیوراج حکومت میں وزیر ثقافت اوشا ٹھاکر نے منگل کے روز اندور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ماحولیات کی تزکیہ کے لیے کچھ دن صبح 10 بجے آہوتیاں ڈالیں، وبا ئی امراض کو ختم کرنے میں زمانہ قدیم سے یگیہ کی روایت ہے۔‘
وزیر نے کہا کہ یہ ماحول کو پاک کرنے کی یگیہ طبی رسم ہے ، یہ مذہبی نہیں ہے ، یہ سماجی رسم نہیں ہے۔ آئیے ہم سب دو- دو آہوتیاں ڈالیں ، اپنے کھاتے کا ماحول پاک کریں اور تیسری لہر ہندوستان کو چھو نہیں پائے گی۔