نئی دہلی:(پریس ریلیز)
مانسون کا آغاز جنوبی ہندوستان میں ہوچکا ہے، جبکہ شمالی ہندوستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں بہت جلد بارش کے موسم کا آغاز ہو جائے گا۔ اس موسم کے دوران مرکزی تعلیمی بورڈ نے مناسب سمجھا ہے کہ ملک بھر میں شجر کاری کی مہم چلائی جائے۔ یہ مہم طلباء اور سرپرستان طلباء کے تعاون سے چلائی جائے گی۔ اس سلسلے میں میڈیا کو اپنا بیان جاری کرتے ہوئے مرکزی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین مجتبیٰ فاروق نے تعلیمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ جنگلات، سرپرستان طلباء اور طلباء کے تعاون سے اپنے علاقے میں شجر کاری کی بڑی مہم چلائیں۔طلباء پودے اپنے گھروں میں لگا سکتے ہیں یا اسکول انتظامیہ ایک مہم کے تحت سڑک کے دونوں جانب یا پھر حکومت کی خالی اراضی پر شجر کاری کرسکتے ہیں۔
یہ عمل نئی تعلیمی پالیسی کے ایک اہم مقصد کو بھی حاصل کرتا ہے۔ ہمارے ملک میں ماحولیات کے تحفظ کی صورت حال بڑی تشویشناک ہے۔ اس امر کا اظہار کرتے ہوئے مجتبیٰ فاروق نے کہا کہ اس مہم کے دوران تحفظ ماحولیات کے متعلق بھی شعوری بیداری لانے کی کوشش کی جانی چاہئے۔ مثلاً پانی، بجلی کے استعمال میں احتیاط اور پالیتھین تھیلیوں کے استعمال سے گریز کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ اسکولس اس مہم کے نفاذ کے لئے متعلقہ شہر کے ایسے غیر سرکاری اداروں سے بھی رابطہ کریں اور تعاون حاصل کریں جو ماحولیات کے شعبے میں سرگرم ہیں۔