نئی دہلی :(ایجنسی)
یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے مرکزی یونیورسٹیوں میں پڑھانے کے لیے پی ایچ ڈی ڈگری کی شرط کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یو جی سی کے صدر ایم جگدیش کمار نے یہ جانکاری دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یو جی سی پروفیسر آف پریکٹس اور ایسوسی ایٹ پروفیسر آف پریکٹس جیسی نئی پوسٹیں بنانے جا رہی ہے۔
یو جی سی کے صدر ایم جگدیش کمار نے کہاکہ کئی ایکسپرٹ ہیں جو پڑھانا چاہتے ہیں۔ کوئی ایسا شخص بھی ہو سکتا ہے جس نے ایک بڑے پروجیکٹ کو لاگو کیا ہو اورجس کے پاس بہت زیادہ زمینی تجربہ ہو ، یا کوئی شاندار ڈانسر یا موسیقار ہو سکتا ہے۔ اس کے باوجود، ہم موجودہ قواعد کے مطابق ان کی تقرری نہیں کر سکتے۔
60 سال سے تجاوز کرچکے ماہرین بھی پڑھا سکیں گے
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن ماہرین کی عمر 60 سال سے تجاوز کر چکی ہے وہ بھی 65 سال کی عمر تک کل وقتی یا جز وقتی فیکلٹی کے طور پر شامل ہو سکتے ہیں۔ 10 مارچ کو سینٹرل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ تقرری کے قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کرنے کے لیے کمیٹی بنائی جائے گی۔ وائس چانسلرز کی اس میٹنگ میں قومی تعلیمی پالیسی کے نفاذ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یو جی سی نے بغیر کسی تاخیر کے اساتذہ کی تقرری کو ٹریک کرنے کے لیے ایک مرکزی پورٹل بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ واضح رہے کہ وزارت تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2021 تک مرکزی فنڈ سے چلنے والے اداروں میں اساتذہ کی 10 ہزار سے زیادہ آسامیاں خالی تھیں۔