نئی دہلی :(ایجنسی)
مرکزی حکومت کی سینامیں بھرتی کی نئی اسکیم’ ‘اگنی پتھ یوجنا‘پر ہنگامہ بڑھتا جا رہا ہے۔ جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی نوجوان اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ احتجاج کی گرمی اتر پردیش تک بھی پہنچ گئی ہے۔ بلیا، یوپی میں، اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کرنے والے نوجوانوں نے ریلوے اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کی۔ اس کے بعد انہوں نے ایک ٹرین کو آگ لگا دی۔ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کے درمیان کچھ شرپسندوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
بلیا ریلوے اسٹیشن پر توڑ پھوڑ معاملے میں ڈی ایم سومیا اگروال کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج میں شرپسندوں کی بھیڑ جمعہ کی صبح بلیا ریلوے اسٹیشن پر جمع ہوئی تھی۔ اطلاع کے بعد ریلوے اسٹیشن پر بھاری تعداد میں فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ شرپسند تخریب کاری میں مصروف تھے لیکن زیادہ نقصان ہونے سے پہلے ہی انہیں قابو کر لیا گیا۔ ڈی ایم نے کہا کہ شرپسندوں نے پتھراؤ کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔ اس سلسلے میں کارروائی جاری ہے۔
وارانسی اور فیروز آباد میں بس پر پتھراؤ
اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج میں وارانسی اور فیروز آباد میں بسوں پر پتھراؤ کیا گیا۔ فیروز آباد ضلع کے مٹھ سینا میں بھی نوجوانوں نے اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت شروع کردی ہے۔ آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے پر جمعہ کی صبح تقریباً 5 بجے، فوج میں بھرتی کے خواہشمند نوجوانوں نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران انہوں نے کچھ بسوں میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ دوسری جانب ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ فی الحال آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر ٹریفک چل رہی ہے۔
اسی دوران وارانسی میں بھی اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کرنے والے نوجوانوں نے ایک ساتھ کئی بسوں پر پتھراؤ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ وارانسی کے کینٹ علاقے کو مرکز بنا کر نوجوان روڈ ویز بس اسٹینڈ پر کھڑی بسوں میں توڑ پھوڑ کی ، چلتی گاڑیوں اور مقامی دکانوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ وارانسی کی ودیا پیٹھ یونیورسٹی سے کینٹ روڈ ویز بس اسٹینڈ تک نوجوانوں نے ہنگامہ کیا۔ فی الحال پولیس شرپسندوں کو قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
احتجاج آپ کا حق ہے لیکن تشدد درست نہیں: مالنی اوستھی
اگنی پتھ اسکیم پر جاری احتجاج کے درمیان لوک گلوکارہ مالنی اوستھی نے ٹویٹ کیا ہے۔ انہوں نے احتجاج کرنے والے امیدواروں سے سوال کیا کہ سرکاری املاک کو تباہ کرکے آپ کو کیا نوکری ملے گی؟ انہوں نے کہا کہ احتجاج آپ کا حق ہے، لیکن تشدد نہیں اور قوم میں اس طرح کی انتشار پھیلانے سے آپ کسی بھی نوکری کے اہل نہیں ہوسکتے، فوج میں بالکل نہیں، جہاں پہلا منتر قوم اور دوسرا نظم و ضبط ہے۔
فوج میں بھرتی کی نئی اسکیم اگنی پتھ اسکیم پر بی جے پی اور اپوزیشن کے درمیان مسلسل الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کو یوپی کے وزیر سواتنتردیو سنگھ نے اپوزیشن پر جوانوں کو بھڑکانے کا الزام لگایا، انہوں نے ٹویٹ کرکے لکھا کہ پہلے کسانو ںکو بھڑکایا ،اب جوان کو بھڑکائیں گے۔ سیاست کے لئے یہ اپوزیشن کب تک آگ لگائیں گے ۔ ؟
بہار کے کئی اضلاع میں اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت جاری
بہار کی پڑوسی ریاست یوپی کے کئی اضلاع میں اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت مسلسل دوسرے دن بھی جاری ہے۔ بہار کے آرا، سمستی پور، بیہیہ، لکھی سرائے، بکسر سمیت کئی اضلاع میں جمعہ کو نوجوانوں نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کیا۔ نوجوانوں نے اسکیم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آگ لگا دی۔ اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشنوں پر پہنچ کر ہنگامہ کیا۔ اس دوران نوجوانوں نے ریلوے اسٹیشنوں پر بھی توڑ پھوڑ کی۔ اس کے ساتھ ہی کئی اضلاع میں ٹرینوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔