ہندوستان کے سابق چیف جسٹس جسٹس عزیزمبشر احمدی (Justice AM Ahmadi) کا جمعرات کی صبح تقریباً 5 بجے انتقال ہوگیا۔ جسٹس احمدی 1932 میں سورت میں پیدا ہوئے۔ وہ 1964 میں سٹی سول اینڈ سیشن کورٹ احمد آباد کے جج مقرر ہوئے اور 1976 میں گجرات ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ انہیں دسمبر 1988 میں سپریم کورٹ میں ترقی دی گئی اور 1994 میں چیف جسٹس آف انڈیا کا عہدہ سنبھالا۔
جسٹس احمدی ایک جونیئر سول جج کے فرزند تھے اور انہوں نے اپنے ابتدائی کیرئیر کا ایک بڑا حصہ مختلف اضلاع اور تعلقہ جات میں گزارا۔ کچھ قابل ذکر فیصلوں میں ان کا اہم کردار رہا۔ ان میں اندرا ساہنی بنام یونین آف انڈیا اور اسماعیل فاروقی بمقابلہ یونین آف انڈیا شامل ہیں۔
سپریم کورٹ میں رہتے ہوئے جسٹس احمدی نے سپریم کورٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے صدر اور ہندوستان میں قانونی امداد کی اسکیموں کو نافذ کرنے والی کمیٹی میں ایک ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔25 اکتوبر 1994 کو چیف جسٹس احمدی ہندوستان کے 26 ویں چیف جسٹس بنے اور 24 مارچ 1997 کو اپنی ریٹائرمنٹ تک اس عہدے پر خدمات انجام دیتے رہے۔