احمد آباد :(ایجنسی)
گجرات کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے منگل کو دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 1993 کے بمبئی دھماکوں کے سلسلے میں مطلوب چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ چاروں کی شناخت ابوبکر، یوسف بھٹکے، شعیب بابا اور سید قریشی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے چاروں ملزمان کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
واضح رہے کہ گجرات پولیس نے حال ہی میں عاکف ناچن کو بھی راجستھان میں دہشت گرد ماڈیول کا پردہ فاش کرنے کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے۔ اس سے قبل اس ماڈیول کے سلسلے میں سات افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے راجستھان پولیس سے کیس اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔ دہشت گردی کے ماڈیول کے ملزمان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
این آئی اے ماڈیول کے اس مشتبہ دہشت گرد تنظیم کے ساتھ ممکنہ روابط کی جانچ کر رہی ہے جو ملک میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔