یمنی حوثیوں نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثیوں کی طرف سے اسرائیل پر تازہ حملہ بلیسٹک میزائلوں سے کیا گیا ہے۔
حوثیوں کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس حوثی حملے کے سلسلے میں بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیلی شہر ایلات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ واضح رہے ایلات نامی اسرائیلی شہر اس سے قبل بھی کئی بار اس طرح کے حملوں کی زد میں آچکا ہے۔ تاہم بیلسٹک میزائلوں سے اسے حملے کا ہدف ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں نے پہلی بار بنایا ہے
دوسری طرف عراقی مسلح دھڑوں نے بدھ کے روز کہا ہےکہ انہوں نے مغربی عراق میں امریکی عین الاسد اڈے کو ڈرون سے نشانہ بنایا ہے۔
دھڑوں نے ٹیلی گرام کے ذریعے ایک مختصر بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے براہ راست اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل جرائم کا جواب ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا تھا کہ اتوار کے روز عراق سے شام میں امریکی رمیلان اڈے پر تقریباً 15 میزائل داغے گئے، جس میں کوئی جانی یا مادی نقصان نہیں ہوا۔
آپریشن انہیرینٹ ریزولو کی مشترکہ ٹاسک فورس نے ڈرونز کے ذریعے میزائل لانچنگ سائٹ کی نشاندہی کی اور عراقی سکیورٹی فورسز کو اس مقام سے آگاہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ اس مقام پر ایندھن کا ایک ٹرک ملا ہے جس میں 20 تک میزائل داغے جا سکتے ہیں۔