باندہ :
جیل میں بند بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی ) کے دبنگ لیڈر اور ایم ایل اے مختار انصاری نے ایک عدالت کو بتایا ہے کہ جیل کے اندر ان کے قتل کے لیے5 کروڑ کی سپاری دی گئی ہے۔ ان کے وکیل کے مطابق انصاری نے دعویٰ کیا کہ غیر مجاز لوگ بغیر رجسٹرمیں انٹری کئے ہی جیل میں داخل ہوئے۔
اترپردیش کی باندہ جیل میں بند انصاری کو جعل سازی اور دھوکہ دہی کے ایک معاملے میں اترپردیش میں ایم پی وایم ایل اے کی خصوصی عدالت کی جج جسٹس موسمی مدھیسی کے سامنے پیش کیا گیا ۔
خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق ان کے وکیل رندھیر سنگھ سمن نے کہاکہ انصاری نے جج کو بتایا کہ جیل کے اندر ان کے قتل کے لیے 5 کروڑ روپے کی سپاری دی گئی ہے ۔ انصاری نے یہ بھی الزام لگایا کہ کچھ مشتبہ شخص بغیر رجسٹر میں انٹری کئے ہی جیل میں گھس گئے اور سی سی ٹی وی کیمروں کا ڈائریکشن بدل دیا گیا ہے ۔
ایم ایل اے نے عدالت سے معاملے کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت 27 اگست مقرر کی ہے۔ اپریل میں پنجاب کی روپڑ جیل سے لائے جانے کے بعد انصاری کو کئی مجرمانہ مقدمات میں جیل میں زیر سماعت قیدی کے طور پر رکھا گیا ہے۔
بتادیں کہ مختار انصاری اور عتیق احمد کی جائیدادیں بھی ای ڈی کے ریڈار پر ہیں۔ یوپی پولیس کے بعد اب ای ڈی نے بھی مختار انصاری اور عتیق احمد کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے۔ ای ڈی پریاگ راج میں دونوں مافیا کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی جائیدادوں کی چھان بین کر رہی ہے۔