نئی دہلی : (ایجنسی)
کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ ملک میں مسلم لیڈروں کی ایک لسٹ تیار کرکے انہیں ہراساں کیا جا رہاہے ۔ کرناٹک میں کانگریس کے ایم ایل اے اور سابق وزیر بی زیڈ ضمیر احمد خاں نے ہفتہ کو الزام لگایا کہ انہیں وملک کی دیگر ریاستوں میں بااثر مسلم رہنماؤں کو ’ہراساں‘ کرنے کی سازش کے تحت نشانہ بنایا جا رہاہے ۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) نے خاں کی جائیدادوں کی حال میں تلاشی لی تھی۔
خاں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایسے بااثر مسلم رہنماؤں کی ایک لسٹ تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لوگ میرا سرمایہ ہیں۔ جب تک میں سیاست میں ہوں ، میں ایسا کچھ نہیں کروں گا جس سے میرے لوگوں کو شرم سے انپے سر جھکانے پڑیں۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے کہا کہ وہ اس بات سے خوش ہیں کہ ای ڈی کے چھاپے میں ان کے بارے میں کئی لوگوںکے من میں شک وشبہات کو دور کردیا ہے ۔ خاں نے کہاکہ ایک گھر بنانے کو میرےسب سے بڑے کرائم کے طور پر دیکھا جا رہاہے ۔ اس لئے ای ڈی نے مجھ پر چھاپے مارے ۔ ای ڈی جس امید کے ساتھ میرے یہاں چھاپے مارے ، وہ جھوٹی ثابت ہوئی۔
انہوں نے الزام لگایاکہ ’ مختلف ریاستوں کے بااثر مسلم رہنماؤں کی ایک لسٹ تیار کی گئی ہے اور انہیں ہراساں کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔اسی سازش کے تحت مجھے نشانہ بنایا جا رہاہے ، لیکن میں ایسی چیزوں سے ڈرنے والا نہیں۔‘ ای ڈی نےپانچ اگست کو مختلف مقامات پر خاں کی رہائش گاہ اور دفاتر سے جڑے کمپلیکس پر ایک ساتھ تلاشی لی تھی۔ اپنےٹویٹ پر رپورٹرکے سوالوں کا جواب نہیں دینا چاہ رہے چامراج پیٹ کے ایم ایل اے نے کہاکہ انہیں جو کہنا تھا کہہ چکے ہیں اور میڈیا کے سامنے انہیں اور کچھ نہیں کہنا۔
مسلم لیڈروں کی لسٹ بنائے جانے اور انہیں ہراساں کرنے کی سازش کے خاں کے الزامات کے بارے میں پوچھے جانے پر کانگریس ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ ’میں ان سے بات کرتا ہوں ، دیکھتے ہیں کہ ان کا کیا موقف ہے ۔ ہم پارٹی میں غور وخوض کریں گے ۔ کانگریس ایم ایل اے نے جمعہ کو شیوکمار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔
دریں اثنا ء خان دہلی میں ہیں اور قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ ای ڈی نے انہیں طلب کیا ہے۔حالانکہ اس طرح کی قیاس آرئیوں کو مسترد کرتے ہوئے خاں نے کہاکہ میں ذاتی کام کے سلسلے میں اکثر دہلی جاتا ہوں، ای ڈی نے مجھے نہیں بلایا، یہ میڈیا کے دماغ کی پیداوار ہے ،اگر ای ڈی مجھے بلاتی ہے تومیں میڈیا کو بتاؤں گا اور نوٹس دکھاؤں گا۔