سنبھل :(ایجنسی)
اتر پردیش کے سنبھل سے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمٰن برق نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملک کی صورتحال پر سوالات پوچھے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملک میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور اس طرح کی صورتحال پر پی ایم مودی کیوں خاموش ہیں اور وزیر داخلہ امت شاہ جواب کیوں نہیں دے رہے ہیں؟ برق نے کہا کہ مسلمانوں پر جتنےمظالم کئے جا سکتے تھے، وہ کیے جا رہے ہیں اور ملک کے مسلمانوں نے تمام مظالم اور زیادتیوں کو برداشت کیا ہے۔ انہوں نے نوپور شرما کیس کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ متنازعہ بیان دینے والوں کو جیل بھیج کر مقدمہ چلایا جائے۔
ایس پی ایم پی نے بھی کانپور فسادات کے حوالے سے بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ بازار بند کرائے جا رہے تھےلیکن پتھراؤ شروع ہو گیا اور صرف مسلمانوں کو مجرم بنادیا گیا۔ برق نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو ایسی صورتحال پر اپنی خاموشی توڑنی چاہیے۔ انہوں نے کہا، ‘ہم امید کرتے تھے کہ ملک کو بلندیوں پر لے جایا جائے گا۔ آزادی میں ہندو اور مسلمان دونوں نے قربانیاں دی تھیں۔ ہم راستے سے بھٹک گئے ہیں۔ ظلم صرف مسلمانوں کے ساتھ نہیں سب کے ساتھ ہو رہا ہے۔
برق نے کہا، ‘پہلے تو وہ ایک دوسرے پر حملے کرتے تھے، لیکن اب ہمارے رسولؐ پر حملہ کردیا گیا۔ نوپور شرما اور جندل صاحب نے رسولؐ کے خلاف گستاخی کی ہے، اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتا ہے لیکن رسولؐ کے خلاف گستاخی برداشت نہیں کر سکتا۔ ان دونوں پر مقدمہ چلایا جائے اور جیل میں ڈال دیا جائے۔ ملک میں نفرت کی یہ آگ بند ہونی چاہیے۔ ملک سب کا ہے، ہم نے بھی ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اسے حکومت روک سکتی ہے۔