بکسر:
کورونا بحران کے درمیان بہار کے ضلع بکسر میں انسانیت کو شرمسار کرنے والی تصویر سامنے آئی ہے۔ چوسا کے مہادیو گھاٹ پر لاشوں کا انبار لگ گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے پلہ جھاڑتے ہوئے کہاکہ یہ اترپردیش کی لاشیں ہیں، جو یہاں بہہ کر آگئی ہیں۔ کورونابحران میں بکسر ضلع کے چوسا کے پاس واقع مہا دیو گھاٹ کی تصاویر نے اس وقت حیران کردیا جب لاشوں کے انبار نے گنگا میں واقع گھاٹ کو ڈھک دیا،حالانکہ جیسے ہی اس واقعہ کی ویڈیو سامنے آئی ضلع انتظامیہ کے کان کھڑے ہوگئے۔
چوسا کے بی ڈی او اشوک کمار نے بتایا کہ یہتقریباً 40 سے 45 لاشیں ہوں گی ، جو الگ الگ مقامات سے بہہ کر مہا دیو گھاٹ پر آکر لگ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ لاشیں ہماری نہیں ہے۔ ہم لوگوں نے ایک چوکیدار لگارکھا ہے ، جس کی نگرانی میں لوگ لاشیں جلا رہے ہیں ،ایسے میں یہ لاشیں اترپردیش سے بہہ کر آرہی ہیں اور یہاں پر لگ جا رہی ہیں۔ افسران نے کہاکہ یوپی سے آرہیں لاشوں کو روکنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ایسے میں ہم ان لاشوں کے نمٹانے کی تیاری کررہے ہیں۔
اس معاملے کے دوسرے پہلوپر غور کریں تو کورونا بکسر سمیت کئی اضلاع میں پھیل چکا ہے۔ مقامی باشندہ نریندر کمار موریہ بتاتے ہیں کہ چوسا گھاٹ کی صورت حال کافی قابل رحم ہے۔ کورونا انفیکشن کی وجہ سے یہاں یومیہ 100 سے 200 لوگ آتے ہیں اور لکڑی کاانتظام نہیں ہونے کی وجہ سے لاشوں کو گنگا میں ہی پھینک دیتے ہیں، جس سے کورونا انفیکشن پھیلنے کا ڈر بنا ہوا ہے، جبکہ انتظامیہ کوئی بھی مدد نہیں کررہا ہے۔
حالانکہ ایس ڈی ایم صدر کے کے اپادھیائے نے کہا کہ یہ اترپردیش کی لاشیں ہوسکتی ہیں ، بہار نہیں ، کیونکہ ہمارے یہاں لاشوں کو جلا نے کی روایت ہے۔ بہرحال لوگوں کا سیدھا الزام انتظامی ناکامی کی طرف ہے۔