نئی دہلی : (ایجنسی)
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے اسسٹنٹ پروفیسر بھرتی کے لیے پوسٹ ڈاکٹریٹ یا پی ایچ ڈی کی ضرورت کو عارضی طور پر ختم کر دیا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدوں پر بھرتی کے لیے پی ایچ ڈی لازمی نہیں ہوگی۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ اس سال پی ایچ ڈی لازمی کی اسکیم کو کچھ عرصے کے لیے روک دیا گیا ہے لیکن اسے منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھارتیہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اسسٹنٹ پروفیسرز کی بھرتی کے لیے پی ایچ ڈی کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔ وزارت تعلیم نے اس معیار کو فی الحال ہٹا دیا ہے تاکہ اسامیاں وقت پر پرکی جا سکیں اور فیکلٹی؍پروفیسرز کی ممکنہ کمی کی وجہ سے تعلیم متاثر نہ ہو۔
اس سے قبل کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اسسٹنٹ پروفیسر کی بھرتی کے لیے NETایک اہم معیار ہوا کرتاتھا۔ 2018 میں سرکار نے لازمی کیا تھاکہ اس سطح پر نوکری پانے کے لیے NETکے علاوہ پی ایچ ڈی لازی ہوگی۔ اس اسکیم کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن 2018 کے قوانین کے تحت نافذ کی گئی تھی۔ بتادیںکہ بھرتی کے لیے NET کوالیفائیڈ ہونا اب بھی لازمی ہوگا۔
عام آدمی پارٹی کی ٹیچرتنظیم دہلی ٹیچرز ایسوسی ایشن (ڈی ٹی اے) کے صدر ڈاکٹر ہنس راج سمن نے وزیر تعلیم کے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹیچر برادری میں اچھا پیغام جائے گا اور ایسے لوگوں کو بھی موقع ملے گا جو کورونا وبا کی وجہ سے اپنا تحقیقی کارم پورا نہیں کرپائے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ملک بھر کے ایڈہاک اور کنٹریکٹ ٹیچروں کے لیے اچھی خبر ہے۔