نئی دہلی :
فیس بک انڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے وائرل ہوچکے #ResignModiکو کچھ عرصہ کے لیے بلاک کردیا تھا۔ اس نے صفائی دیتے ہوئے کہاکہ یہ غلطی سے ہوگیا تھا اور ایسا کرنے کے لیے مرکزی سرکار نے اسے کہا نہیں تھا۔
فیس بک نے بتایا ہے کہ#ResignModiکو صرف ایک گھنٹے کے لیے بلاک کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اسے پھر سے بحال کردیا گیا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ درمیان درمیان میں الگ الگ وجوہات کے سبب کچھ پوسٹ بلاک کئے جاتے ہیں ۔ یہ کبھی آٹو میٹڈسسٹم سے بلال ہوتا ہے تو کبھی اسے کوئی ملازم بلاک کرتا ہے۔
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے سے عین قبل #ResignModiٹرینڈ کررہا تھا ۔ کورونا وبا سے نمٹنے کے سرکار کے کام کاج کے طریقے سے مشتعل لوگ فیس بک پر پوسٹ کررہے تھے۔ زیادہ تر لوگ ان پوسٹ میں مرکز ی سرکار کی تنقید کر رہے تھے اور اس کے لیے وزیر اعظم مودی کو ذمہ دار ٹھہرا رہے تھے۔ فیس بک انڈیا کے ایک ترجمان نے این ڈی ٹی وی سے کہاکہ ’ ہم نے غلطی سے کچھ عرصہ کے لیے اس ہیش ٹیگ کو بلاک کردیا تھالیکن اس کے لیے حکومت ہند نے ہم سے نہیں کہا تھا ۔ ہم نے اسے بحال کردیا ہے۔
نئے قوانین کے مطابق فیس بک اور ٹویٹر جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو غیر قانونی پوسٹ و ٹویٹ ہٹانے ہوں گے ۔ اس قانون پر کافی بحث بھی ہوئی ہے۔ بتادیں کہ ملک ابھی کورونا بحران سے گذر رہا ہے اور اسے سنبھالنے میں سرکار کی ناکامی کھل کر سامنے آرہی ہے اور لوگوںکاغصہ بڑھتا ہی جارہا ہے۔ زیادہ تر لوگ اس کے لیے مرکزی سرکار کو ذمہ دار مانتے ہیں ۔