نئی دہلی:
دہلی ہائی کورٹ نے دو سے 18 سال کی عمر کے بچوں پر کوویکسین کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے کلینکل ٹرائل کی اجازت دینے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور بھارت بایو ٹیک سے جواب طلب کیا ہے۔
چیف جسٹس ڈی این پٹیل اور جج جیوتی سنگھ کی بنچ نے بدھ کے روز سنجیو کمار کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران یہ ہدایت دی۔ اس پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ کلینکل ٹرائل کی اجازت دینا غیر قانونی اور آمریت ہے۔
بنچ نے مدعا علیہان کو 15 جولائی تک اپنے موقف پیش کرنے کو کہا ہے۔
خیال رہے ہندوستان کے ڈرگ کنٹرولر جنرل نے 13 مئی کو حیدرآباد میں قائم فرم کو دو سال تک کے بچوں اور 18 سال تک کی عمر کے نوعمروں پر کلینکل ٹرائل کی اجازت دی ہے۔
منگل کو نیتی آیوگ نے بتایا تھا کہ بھارت بایوٹیک اگلے 10 سے 12 دن میں دو سے 18 سال کی عمر کے بچوں پر کلینکل ٹرائل کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے لئے پوری طور پر تیار ہے۔