نئی دہلی ؍ممبئی: (پریس ریلیز)
سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آریو ایم)، وزارت آیوش، حکومت ہند کے ریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن (آر آر آئی یو ایم)، ممبئی کے زیر اہتمام دماغی صحت پر ایک قومی سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کاعنوان”طب یونانی کے ذریعہ دماغی صحت کی بہتردیکھ بھال‘‘ تھا۔
پروفیسر عاصم علی خان، ڈائریکٹر جنرل، سی سی آر یو ایم، وزارت آیوش، حکومت ہند نے دماغی بیماری کی خاموش وبا پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیاجس میں حالیہ کووڈ۔19 وبا کی وجہ سے کافی شدت آئی ہے۔ انہوں نے سی سی آریو ایم کے ما تحت اداروں کی تحقیقی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اس طور پر کرنے کوکہا جس سے دماغی صحت کی مناسب دیکھ بھال اور بیداری میں طب یونانی اہم معاون بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج دماغی صحت قومی ترجیحات میں شامل ہے لہذااس سمت میں طب یونانی کیلئے اپنی صلاحیت کے استعمال اور بڑے پیمانے پر دماغی صحتی سہولیات مہیا کرانے کا اس سے مناسب وقت نہیں ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹرنرملا دیوی، ریسرچ آفیسر انچارج، آر آر آئی یو ایم، ممبئی نے کسی بھی سطح کی ذہنی بیماری میں مبتلا افرادکے مسائل کے حل کی غرض سے دماغی صحت کی دیکھ بھال کے مربوط نظام کی فراہمی کے لئے تمام طبی نظاموں کی اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
سیمینار کے مقررین میں ڈاکٹر ورشا دوانی، چیف سائیکیٹر سٹ، سینٹرل اسپتال، ممبئی، ڈاکٹر ارچنا گڈکری، صدر، شعبۂ نفسیات، سینٹرل اسپتال، ممبئی اور ڈاکٹر عیسیٰ ندوی، پروفیسر، ایم آئی جے ٹی طبیہ، ممبئی کے نام شامل ہیں۔محققین کے ذریعہ پیپراور پوسٹر پرزنٹیشن سے پروگرام میں مزید سائنسی رنگ پیدا ہوا اور دماغی صحت کے شعبہ میں سی سی آر یو ایم کے تحقیقی کام کی وضاحت ہوئی۔ڈاکٹر حمیرہ بانو، ڈاکٹر نکہت شیخ، ڈاکٹر عمران احمد، محمد عادل اور ادارے کے دیگر افسران نے سیمینار کی کارروائی کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری سنبھالی۔