نئی دہلی :(پریس ریلیز)
ضلع شمال مشرقی دہلی میں جمعیۃ علماء کی اصلاح معاشرہ مہم اپنی تمام تر کامیابیوں کے ساتھ رواں دواں ہے جس میں ہندوستان کے معروف اکابر علماء اپنے قیمتی بیانات اور مواعظ حسنہ سے عوام الناس کو نواز رہے ہیں ۔
اس مہم میں ہمارے صوبائی جمعیۃ کے عہدیداران کی شرکت اور حوصلہ افزائی خصوصاً مفتی عبدالرازق ناظم اعلیٰ صوبہ دہلی کی خصوصی دلچسپی ، ضلع صدر الحاج محمد سلیم رحمانی کی نگرانی اور ضلع ناظم مولانا جمیل اختر قاسمی کی رات دن کی محنت سے یہ پروگرام بڑی شان وشوکت سے منعقد ہورہے ہیں جوکہ ضلعی جمععۃ کے لئے قابلِ فخر کارگزاری ہے ۔
اسی تسلسل کے تحت نیو مصطفیٰ آباد دہلی کی پرشکوہ مسجد فتح الباری میں اصلاح معاشرہ کا ایک اہم پروگرام منعقد ہوا ، جس میں ہندوستان کے معروف عالم دین مناظر اسلام مولانا مفتی سید محمد معصوم ثاقب ( ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند ) نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا ،مولانا نے اپنے خطاب میں عوام الناس کو متوجہ کرتے ہوئے اصلاح معاشرہ کے صحیح مفہوم کو تفصیلاً سمجھایا نیز کہاکہ مسلمانوں کے لئے جس طریقے سے نماز پڑھنے کا قبلہ خانہ کعبہ ہے اسی طریقے سے معاشرہ کا کعبہ صحابہ اکرام ہیں۔ یعنی انکا رہن سہن ، ان کے اخلاق ، ان کی تجارت ، ان کا لین دین ، ان کی شادیاں ، ان کی تربیت ، ان کا تعلیم و تعلم ، ان کی عبادتیں ، ا ن کی ریاضتیں ، ان کی ضیافتیں ، ان کی قناعتیں ، ان کی عاجزی ، ان کی سادگی وغیرہ پایہ تکمیل کو پہنچی ہوئی تھی ، وہ ایک مکمل معاشرہ تھے ، ہمیں ان کی معاشرت کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی زندگیوں کو گزارنے کی بھرپور کوششیں کرنی چاہئیں۔
پروگرام کا آغاز صوبہ دہلی کے سکریٹری قاری محمد ساجد فیضی کی تلاوت قرآن اور حلقہ کبیر نگر کے نائب ناظم مفتی محمد شاداب قاسمی کی نعت رسول سے ہوا جبکہ مولانا جمیل اختر قاسمی (ناظم ضلع) نے پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دئیے
۔
مولانا عبدالحنان قاسمی (نائب صدر جمعیۃعلماء صوبہ دہلی) کی صدارت میں یہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صوبہ دہلی کے ناظم اعلی مفتی عبدالرازق مظاہری نے جمعیۃ علماء ہند کے تعارف اور اس کی خدماتِ جلیلہ پر مختصر وقت میں انتہائی جامع اور قیمتی گفتگو کی،خصوصاً دہلی فساد کے بعد جمعیۃ علماء ہند کی کارکردگی کے حوالے سے عوام الناس کو روشناس کرایا ، آحر میں ناظم عمومی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا ۔