لکھنؤ :(ایجنسی)
پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے صدر شیو پال یادو نے یوپی انتخابات کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی پر جوابی حملہ بولا ہے۔ ایک چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی اپنے بیانات سے وزارت عظمیٰ کے وقار کوگرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا تعلق ملک کے عوام سے ہوتا ہے کسی پارٹی سے نہیں، انہیں ایسی چھوٹی چھوٹی باتیں نہیں کرنی چاہئے۔
غور طلب ہے کہ یوپی کے بہرائچ میں ایک انتخابی ریلی میں پی ایم مودی نے ایس پی کے بارے میں کہا تھا، ’ان کے خاندان والوں نے دہشت گردی حملہ کرنے والوں پر اپنا پیار نچھاور کیا۔ جن لوگوں پر یوپی میں ایک نہیں کئی بم دھماکوں کا الزام تھا، یہ لوگ ان دہشت گردوں کو جیل سے رہا کرانے کی سازش کر رہے تھے۔ ‘ان الزامات پر شیو پال نے کہا کہ مودی چھوٹے چھوٹے بیانات دے کر وزیر اعظم کے عہدے کے وقار کو گھٹا رہے ہیں۔
ساتھ ہی شیو پال یادو نے کنبہ پروری کے الزامات پر کہا، ’’سیاست میں ایسے ہی عہدہ کسی کو نہیں ملتا، عوام ہی منتخب کرتے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ڈاکٹر کا بیٹا ڈاکٹر ہوتا ہے اسی طرح جج کے بیٹے جج بن جاتے ہیں۔ تو دوسری طرف اگر کوئی اپنی پوری زندگی سیاست میں گزار دے تو اسے حق کیوں نہیں؟ اس کے علاوہ پی ایم مودی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ان پر کنبہ پروری کا الزام لگا رہے ہیں لیکن ان کا تو پریروار ہی نہیں ہے، اس کے لیے ہم تھوڑےہی ذمہ دار ہیں۔
شیو پال یادو نے ایس پی کے ساتھ واپس آنے کے بارے میں کہا کہ کسی بھی پریوار میں لڑائی ہوتی ہے۔ جہاں چار برتن ہوں وہاں آوازیں آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنا جھگڑا بی جے پی میں ہوتا ہے، اتنا کہیں نہیں ہوتا۔ اب ہم سب ایس پی میں اکٹھے ہو گئے ہیں، اور اب ریاست میں زبردست اکثریت کے ساتھ واپس آئیں گے۔
وہیں کچھ دن پہلے شیو پال یادو نے دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی اس بار بوکھلائی ہوئی ہے اور 2022 میں اس کا صفایا ہونے والا ہے۔ یوپی انتخابات کے مجموعی نتائج میں ایس پی اتحاد کے کھاتے میں تین سو سے زیادہ سیٹیں آئیں گی۔ آپ کو بتا دیں کہ شیو پال یادو 25 سالوں میں لگاتار 5 بار جسونت نگر سیٹ سے جیتتے رہے ہیں۔