چوبیس پرگنہ:مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے ایک ہفتے میں ملک میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) نافذ ہو جائے گا۔ آج تک آن لائن کی خبر کے مطابق انہوں نے کہا کہ میں اسٹیج سے گارنٹی دے رہا ہوں کہ اگلے 7 دنوں میں نہ صرف بنگال میں بلکہ پورے ملک میں CAA نافذ ہو جائے گا۔ شانتنو ٹھاکر جنوبی 24 پرگنہ کے کاکڈویپ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے شہریت ترمیمی قانون کو ‘ملک کا قانون’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے نفاذ کو کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر سی اے اے کے حوالے سے لوگوں کو گمراہ کرنے کا بھی الزام لگایا۔امت شاہ نے کہا تھا، "کبھی کبھی وہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں کہ آیا ملک میں CAA لاگو ہوگا یا نہیں، اس پر میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ CAA ملک کا قانون ہے اور اسے لاگو ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔” ۔ یہ ہماری پارٹی کا عزم ہے۔”
واضح ہو کہ سی اے اے قانون کے خلاف ملک کے کئی حصوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئےتھے۔اس قانون کے تحت 31 دسمبر 2014 کو یا اس سے پہلے بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان سے آنے والے غیر مسلم لوگوں کو ہندوستانی شہریت دینے کا انتظام ہے۔