لکھنؤ:(ایجنسی)
اترپردیش اسمبلی انتخابات کو لے کر کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری اور یوپی انچارج پرینکا گاندھی کافی سرگرم ہوگئی ہیں۔ وہ روزانہ نئے نئےاعلانات کررہی ہیں۔ اب انہوں نے کہا ہے کہ اترپردیش کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکار بنانے پر انٹرپاس لڑکیوں کو اسمارٹ فون اور گریجویٹ طالبات کو الیکٹرانک اسکوٹی دی جائے گی ۔ پرینکا واڈرا نے جمعرات کو ٹوئٹ کیا کہ ’’کل میں نے کچھ طالبات سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اسے پڑھنے اور سیکورٹی کے لیے اسمارٹ فون کی ضرورت ہے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ آج اعلان کمیٹی کی رضامندی سے یوپی کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر حکومت بنتی ہے تو انٹر پاس لڑکیوں کو اسمارٹ فون اور گریجویٹ لڑکیوں کو الیکٹرانک اسکوٹی دی جائیں گی‘‘۔
بدھ کے روز پولیس حراست میں ہلاک ہونے والے عملہ کے لواحقین سے ملنے آگرہ جاتے ہوئے پرینکا واڈرا کو لکھنؤ پولیس نے آگرہ ایکسپریس وے کے ’انٹری پوائنٹ‘ پر روک لیا۔ اس دوران پرینکا واڈرا نے وہاں موجود طالبات سے بات چیت کی اور ان سے پوچھا کہ کیا وہ ان کے ساتھ سیلفی لینا چاہیں گی؟ اس پر لڑکیوں نے رضامندی ظاہر کی اور موبائل فون نہ ہونے کی مجبوری بتائی، جس پر کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ اگر ان کی حکومت اقتدار میں آئی تو انہیں موبائل فون دیئے جائیں گے۔