نئی دہلی:”باب تفعیل کے مصدر ‘تحقیق’ کا مطلب چھان بین اور تفتیش ہے اور علم، تحقیق، تنقید، تطبیق، تصنیف، تنفیذ کے مراحل سے گزر کر حق اور باطل میں ممیّز نتیجہ ہی اصل میں تحقیق ہے۔”
مندرجہ بالا خیالات کا اظہار محمد آصف اقبال نے ، مرکز جماعت اسلامی ہند کے میڈیا ہا ل میں شعبہ تحقیق و تصنیف، حلقہ دہلی کی جانب سے منعقدہ سیمینار برائے اسٹڈی سرکل میں ابتدائیہ پیش کرتے ہوئے کیا ۔ اس سیمینار کا عنوان "موجودہ فکری بحران اور اسلامی تصور کی بنیادیں ” تھا۔
گفتگو کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لغت کے مشہور امام ابن احمد ؒ کہتے ہیں کہ ‘الحق باطل کی ضد ہے’ لہٰذا اس لحاظ سے یہ کہا جا سکتا ہے کہ تحقیق کا اصل مقصد حق و باطل اور صحیح و غلط کی تمیز ہے۔ حق کے نفاذ کی سعی و جہد کی جائے اور باطل کے خاتمہ کے لیے لوگوں کی رائے ہموار کی جائے۔یہی وہ اقامت دین کی منازل ہیں جن کے لیے انفرادی و اجتماعی ہر سطح پر کوشش کرنا چاہیئے
اس سیمینار کا آغاز قاری ضمیر اعظمی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ بعد ازاں سلیم اللہ خان ( امیر ، جماعت اسلامی ہند، حلقہ دہلی) نےافتتاحی گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کو خطاب کیا۔ سیمینار میں مختلف موضوعات کے تحت مقالات بھی پیش کیے گئے۔ پہلا مقالہ موجودہ فکری بحران – ایک جائزہ کے عنوان سے تھا جسے ڈاکٹر انیس فاروقی صاحب ( جیت پور یونٹ) نے پیش کیا۔ دوسرا مقالہ ‘عصر حاضر میں ہونے والی سماجی تبدیلیاں اور تحریکی فکر ‘ کے عنوان پر ڈاکٹر رضوان احمد رفیقی نے پیش کیا۔ مقالہ خواندگی کے بعد شرکاء نے انٹروینشن کے دوران بھرپور انداز میں سوال کیے اور اپنی آراء کا بلا تکلف اظہار بھی کیا۔
سیمینار کے دوسرے سیشن میں عمیر کوٹی ندوی نے "خاندانی مسائل، تنازعات کا تصفیہ اور اسلام” موضوع پر مقالہ پیش کیا۔اس سیمینار کا آخری مقالہ عظمیٰ اوصاف نے ‘قومی و بین الاقوامی مسائل کا تصفیہ اور اسلام’ کےعنوان سے پیش کیا۔
سیمینار کے اختتام پر ڈاکٹر محی الدین غازی (مرکزی سکریٹری، تصنیفی اکیڈمی، جماعت اسلامی ہند)نے شرکاء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں تحقیق کا میدان تحریک کی اشد ضرورت ہے۔معاشرے کو فساد سے بچانا ہماری ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ہم اپنے اندر تحقیق کا مزاج پیدا کریں اور پھر اس کو اپنی حد تک بھی اور دوسروں کو بھی اس کام کے لیے تیار کریں۔جماعت اسلامی ہند حلقہ ، دہلی کے شعبہ تحقیق و تصنیف کی اس کوشش کی ستائش کرتے ہو ئے کہا کہ "شعبہ تحقیق و تصنیف کی یہ کوشش قابل قدر ہے ارو معیاری بھی۔ آج جماعت کے بینر تلے دوسرے پروگراموں کے ساتھ ہی اس اہم ترین پروگرام کو بھی تسلسل کے ساتھ انجام پانا چاہیے۔”
اس سیمینار کے آخر میں شعبہ کے اسسسٹنٹ سکریٹری محمد معاذ نے آئے ہوئے ذمہ داران و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔