نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے پریس نوٹ میں کہا ہے کہ بورڈ نے لا کمیشن سے یو سی سی (یونیفارم سول کوڈ) جیسے اہم مسئلہ پر رائے پیش کرنے کے لئے 6 ماہ کی توسیع کا مطالبہ کیا تھا، اس لئے کہ ایک ماہ کی مدت اس اہم مسئلہ کے لئے ناکافی ہے، مگر لا کمیشن نے صرف دو ہفتوں کا اضافہ کیا ہے پھر بھی ہم اس کا استقبال کرتے ہیں، اور امید کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سلسلہ میں اپنی رائے پیش کریں گے۔
صدر بورڈ نے مزید کہا کہ یہ ملک مختلف مذاہب، تہذیبوں، روایتوں اور رسوم و روایات کا حامل ہے، یہی تنوع اس کی پہچان اور خوبصورتی ہے اور اسی وجہ سے دنیا بھر میں اس کو عزت و وقار کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔
جن لوگوں نے اس ملک کی آزادی کے لئے ہر طرح کی قربانی پیش کی، جنگ آزادی کے اُن سپہ سالاروں اور ملک کے معماروں کے ذہن میں بھی اس ملک کا یہی تصور تھا کہ یہاں مختلف قومیں اپنی اپنی مذہبی اور تہذیبی شناخت کے ساتھ مل جل کر رہیں گی اور اس طرح ہمارا ملک رنگ برنگ پھولوں کا ایک خوبصورت گلدستہ بنا رہے گا۔