لکھنؤ:(ایجنسی)
آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے پارٹیاں عوام کو راغب کرنے میں مصروف ہیں۔ ادھر اتر پردیش میں انتخابی مہم کے دوران وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پارٹی نے پچھلے پانچ سالوں میں بہت کام کیا ہے۔ بی جے پی کی مہم کا ویڈیو آج جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ1947 سے 2017 کے درمیان اترپردیش کئی اشاریہ جات میں ملک میں چھٹے یا ساتویں نمبر پر تھا، لیکن بی جے پی حکومت نے معیشت کو دوسرے نمبر پر لے جانے میں مدد کی۔ انہوں نے کہاکہ میں اس بات پر روشنی ڈالناچاہتا ہوں کہ جو دہائیوں میں نہیں ہو سکا وہ صرف 5 سال میں ہو گیا ہے۔ آج یوپی ہندوستان میں دوسرے نمبر پر ہے۔
یہ بتاتے ہوئے کہ ان کی حکومت نے اپنے تمام بڑے مقاصد حاصل کر لیے ہیں اور عوام کے تئیں اپنے فرض کو انتہائی خلوص اور دیانتداری کے ساتھ ادا کیا ہے، انہوں نے مزید کہا،’گزشتہ دو سال نہ صرف یوپی کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیےکووڈ19-کی وجہ سے چیلنج بھرے رہے ہیں۔ وبائی مرض کی وجہ سے یہ خطرہ نہ صرف زندگی کے لیے تھا، بلکہ معیشت کے لیے بھی تھا، لیکن میں ملک کی قیادت کرنے اور اس چیلنج سے نکلنے میں مدد کرنے کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
وزیر اعلیٰ نے میڈیا کو بتایا،’میں ہندوستان کے لوگوں، خاص طور پر اتر پردیش کے لوگوں کو آگے آنے اور ویکسین لینے کے لیے مبارکباد اور شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، جس نے ثابت کیا ہے کہ ہم آگے بڑھنے اور مضبوط ہونے کے قابل ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کی 70 فیصد آبادی کو اب ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا، ’یوپی وہ ریاست بھی ہے جس نے ہندوستان میں سب سے زیادہ کووڈ ٹیسٹ کروائے ہیں اور وہ اس وبائی مرض سے ہندوستان کی لڑائی میں ایک رہنما کے طور پر ابھری ہے۔‘
انہوں نے کہا، ’میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ اتر پردیش کی اس حکومت نے ریاست کو آگے لے جانے اور لوگوں کی ضروریات اور امنگوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ یوپی کی ترقی میں مدد کرنے کے لئے خلوص نیت سے کام کیا ہے۔‘
واضح رہے کہ 2017 کے انتخابات میں بی جے پی کی جیت کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اب انہیں اقتدار برقرار رکھنے کے لیے اہم انتخابات کا سامنا ہے۔ اکھلیش یادو کی قیادت والی سماج وادی پارٹی بی جے پی کے لیے اہم چیلنج بن کر ابھری ہے۔
سماجوادی پارٹی کو یوگی آدتیہ ناتھ کی ’زبان‘ پر اعتراض، الیکشن کمیشن سے شکایت
سماجوادی پارٹی نے بی جے پی کی تشہیر کے دوران وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے استعمال کی جا رہی زبان پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو تحریر کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ کمیشن انہیں مثالی ضابطہ اخلاق کے مطابق زبان استعمال کرنے کے لئے ہدایت جاری کریں۔