کولکاتا :
مغربی بنگال میں اس بار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی انٹری نے مقابلہ کو کافی دلچسپ بنا دیا ہے۔ جہاں ترنمول کانگریس لگاتار 10 برسوں کی حکمرانی کا رپورٹ کارڈ دکھا کر ووٹ کرنے کی بات کر رہی ہے ، وہیں بی جے پی نے لوگوں کو اپنی طرف کھینچنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے لے کر تمام بڑے لیڈروں کو میدان میں اتارا ہے،حالانکہ بی جے پی لیڈروں کے تیکھے حملے سے ممتا بنرجی کافی ناراض ہوگئی ہیں۔ انہوں نے مودی کو نصیحت دیتے ہوئے کہا کہ پہلے وزیر اعظم اپنے وزیر داخلہ کو کنٹرول کریں ، پھر ہم پر قابو پانے کی کوشش کریں۔
دریں اثناء ٹی ایم سی ممبر پارلیمنٹ مہوا موئترا نے وزیر اعظم مودی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ وہ لاکھوں لوگوں میں دیدی کو نشانہ بناتے ہیں۔ -اودیدی -ا ودیدی‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ یہ کس حد تک درست ہے؟ کیا وہ اپنی ماں کیلئے بھی یہی بولیں گے؟ اپنی بہن کے لئے بولیں گے؟ اپنی متروکہ بیوی کے لئے بولیں گے؟ ایک وزیر اعظم ایک ریاست کی وزیر اعلیٰ کے لیے اس طرح کی زبان کا استعمال کرے یہ انہیں زیب نہیں دیتا۔