لکھنؤ :(ایجنسی)
اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے تمام سیاسی پارٹیاں اپنے اپنے فارمولیشن بنانے میں مصروف ہیں۔ ایک طرف، یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں حکمراں بی جے پی اپنی مہم کو تیز کر رہی ہے۔ ساتھ ہی حیدرآباد کے ایم پی اور اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی 100 سیٹوںپر اپنی پارٹی کے امیدوار اتارنے کا اعلان کرکے دیگر پارٹیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ۔
اسد الدین اویسی نے کہا، ‘ہماری پارٹی نے 100 سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماری ایک یا دو سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے اور وقت بتائے گا کہ ہمارا اتحاد ہے یا نہیں لیکن ہم الیکشن جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔
اسد الدین اویسی طویل عرصے سے یوپی میں اسمبلی انتخابات کے لیے میدان تیار کر رہے ہیں اور ایک وقت میں وہ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنے کی تیاری کر رہے تھے۔ تاہم آخری وقت پر سبھاسپا کے صدر اوم پرکاش راج بھر نے اپنے راستے الگ کر لیے اور سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو سے ملاقات کے بعد سماج وادی پارٹی کے ساتھ یوپی میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔