نئی دہلی: (ایجنسی)
قومی راجدھانی دہلی میں آلودگی کے مسئلے کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے تمام اسکولوں کو فی الحال بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے اسکولوں کو اگلے احکامات تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے تاہم اس دوران آن لائن کلاسز جاری رہیں گی۔
اس سے قبل14 نومبر کو آلودگی کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے تمام اسکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند کر دیا تھا اور آن لائن کلاسز جاری رکھنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے تمام سرکاری دفاتر کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا حکم دیا تھا۔
اتوار کو قومی دارالحکومت میں ہوا کا معیار بھی ’انتہائی خراب زمرے‘ میں درج کیا گیا تھا۔ تاہم تیز ہواؤں کی وجہ سے پیر تک اس میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ اتوار کو صبح 9 بجے کے قریب، دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 347 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ انتہائی شدید زمرے میں آتا ہے۔ ہفتہ کو یہ تعداد 377 تھی۔ یہ معلومات مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) (سی پی سی بی)کے اعداد و شمار سے حاصل ہوئی ہے۔
دریں اثنا، دہلی کے ماحولیات کے وزیر گوپال رائے پیر کو سینئر حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کریں گے تاکہ حد سے زیادہ آلودگی کو روکنے کے لیے شہر میں لگائی گئی پابندیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔