غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صہیونی فوجیوں نے حماس کے انتخابی امیدوار حسن وردیان کو گرفتار کر لیا،اسرائیلی فوجیوں نے حسن وردیان کے ساتھ ان کے کئی کارکنوں کو بھی ان کے گھروں سے گرفتار کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک اور سابق فلسطینی قیدی نادر ابیات کو الفردوسی گاؤں اور عادل حجازی کو وسطی بیت الحم سے ان کے گھروں سے گرفتار کر لیا،عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے الفردوسی گاؤں میں چھاپے کے دوران ابو محمود اور ان کے اہل خانہ کو زدو کوب اور ان پر تشدد بھی کیا۔
حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آئندہ فلسطینی قانون سازی کے انتخابات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں اپنے مقاصد سے نہیں ہٹایا جاسکتا۔
خیال رہے کہ حسن وردیان اس سے پہلے اسرائیلی جیل میں 20 سال قید کی سزا کاٹ چکے ہیں۔ ان کا شمار حماس کے اہم رہنماؤں میں ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین میں 22 مئی کو عام انتخابات ہونے ہیں جس کے لئے مختلف سیاستی تنظیمیں انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔