ایوھیا: (ایجنسی)
اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ سے 36 گھنٹے قبل بی جے پی اور ایس پی کے امیدوار آمنے سامنے آگئے، جس کے بعد ہوائی فائرنگ اور زبردست توڑ پھوڑ کی گئی۔ معاملہ ایودھیا کے گوسائی گنج اسمبلی حلقہ کا ہے جہاں ایس پی امیدوار ابھے سنگھ اور بی جے پی امیدوار آرتی تیواری کے حامی آمنے سامنے ہو گئے تھے۔ ہوائی فائرنگ اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کے دوران کچھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
بتادیں کہ گوسائی گنج اسمبلی حلقہ کے مہاراج گنج تھانہ علاقے کے کبیر پور چوراہے کے قریب دونوں امیدواروں کے قافلے آمنے سامنے آگئے، جس کے بعد کافی نعرے بازی ہوئی۔ معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ دونوں پارٹیوں کے حامی آپس میں لڑ پڑے۔ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی اور گاڑیوں کے شیشے بھی توڑے گئے۔
اس پورے معاملے پر ایک بیان دیتے ہوئے ایس ایس پی شیلیش پانڈے نے کہا ہے کہ’ انتخابی مہم کے دوران مہاراج گنج پولیس اسٹیشن کے کبیر پور چوراہے کے قریب دونوں پارٹیوں کے حامی آمنے سامنے آگئے۔ دونوں پارٹیوں کے حامیوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ اور فائرنگ کا الزام لگایا ہے۔‘ ایس ایس پی شیلیش پانڈے نے مزید کہا، ’ایک یا دو لوگوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ہم معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ امن و امان مکمل طور پر قابو میں ہے۔‘
ذرائع کے مطابق خبریں آ رہی ہیں کہ سماج وادی پارٹی کے امیدوار کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے امیدوار ابھے سنگھ کو ہفتہ کی صبح 4 بجے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم ابھی تک پولیس کی جانب سے ابھے سنگھ کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
بتا دیں کہ سماج وادی پارٹی نے ایودھیا ضلع کی گوسائی گنج اسمبلی سیٹ سے باہوبلی ابھے سنگھ کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ بی جے پی نے سابق ایم ایل اے کھبو تیواری کی بیوی آرتی تیواری کو میدان میں اتارا ہے۔ کھبو تیواری اس وقت ایودھیا جیل میں بند ہیں۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں کھبو تیواری نے ابھے سنگھ کو شکست دی تھی، لیکن دھوکہ دہی کے ایک معاملے میں کھبو سنگھ کو ایم پی ؍ایم ایل اے کورٹ نے سزا سنائی تھی اور 2017 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے ان کی رکنیت بھی ختم کر دی گئی تھی۔ 2012 کے اسمبلی انتخابات میں ابھے سنگھ نے کھبو تیواری کو شکست دی تھی۔