نئی دہلی:کورونا وبا کا قہر ملک کے دیہی علاقوں میں بڑھنے کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے وہاں طبی وسائل کو مستحکم کرنے اور گھر گھر جاکر جانچ اور نگرانی پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں طبی دیکھ بھال کے وسائل پر توجہ دینے اور گھر گھر جاکر جانچ کرنے اور نگرانی بڑھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آشا ورکر اور آنگن واڑی کارکنوں کو مناسب سامان اور وسائل کی فراہمی ضروری ہے۔ ان علاقوں میں آسان اور عام فہم زبان میں رہنما خطوط کی تشہیر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے گھروں میں علاج کرا رہے لوگوں کو آسانی ہوگی۔
وزیر اعظم نے دیہی علاقوں میں آکسیجن کی سپلائی یقینی بنانے کے لئے ایکشن پلان تیارکرنے اورآکسیجن کنسنٹریٹرکی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ طبی عملے کو بھی مختلف آلات کے استعمال کی تربیت دینے اور ان کے لئے بجلی کی فراہمی کے لئے بھی کہا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی حکومتوں کو وینٹی لیٹروں کا مناسب استعمال کرنا چاہئے اور اس سلسلے میں آڈٹ بھی کرایا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کورونا کے خلاف لڑائی سائنسدانوں اور ماہرین کی رہنمائی میں لڑی جارہی ہے اور آگےبھی ان کی رہنمائی میں لڑی جائے گی۔