کابل : (ایجنسی)
شمالی افغانستان کی مزاحمتی تحریک کے رہنما احمد مسعود طالبان کے سامنے ہتھیار نہ ڈالنے پر قائم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ طالبان کے آگے ہتھیار ڈالنے کے بجائے مرنا پسند کریں گے۔ فرانسیسی جریدے کو انٹرویو میں احمد مسعود کا کہنا تھا کہ ہتھیار ڈالنے کا لفظ ان کی لغت میں نہیں ہیں۔
احمد مسعود نے کابل کے طالبان کے قبضے میں جانے سے قبل عالمی رہنماؤں سے ہتھیار مانگے تھے لیکن انکار پر تلخی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں کی تاریخی غلطیوں کو نہیں بھول سکتے جن سے انہوں نے آٹھ دن پہلے اسلحہ مانگا تھا۔
احمد مسعود نے کہا کہ آج یہ ہتھیار، ہیلی کاپٹر، امریکی ساختہ ٹینک طالبان کے ہاتھ میں ہیں۔ احمد مسعود نے کہا کہ وہ نئے افغان حکمرانوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، بات چیت کی جاسکتی ہے، تمام جنگوں میں بات چیت ہوتی ہے۔