گوہاٹی: آسام کے وزیر اعلی ہمانتا بسوا سرما نے جمعہ کو کہا کہ وہ اپنی ریاست کے تمام مدارس کو بند کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ کرناٹک کے بیلگاوی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آسام کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت پہلے ہی 600 مدارس کو بند کر چکی ہے اور باقی تمام مدرسوں کو جلد ہی بند کر دیا جائے گا۔ہمانتا بسوا سرما نے کہا، "ہمیں مدارس نہیں چاہیے…ہمیں انجینئر اور ڈاکٹر چاہیے…”
جب ایک رپورٹر کے ذریعہ اس اقدام کے پیچھے مقصد کے بارے میں پوچھا گیا تو آسام کے وزیر اعلی نے کہا کہ نئے ہندوستان کو مدارس کی نہیں اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، "نئے بھارت کو مدارس نہیں چاہیے، اسے یونیورسٹیوں، اسکولوں اور کالجوں کی ضرورت ہے…”
ماضی میں بھی، ہمانتا بسوا سرما نے اکثر مدارس کی تعداد کم کرنے یا وہاں دی جانے والی تعلیم کا جائزہ لینے کے اپنے ارادے کا اظہار کیا ہے۔ آسام میں اس وقت 3000 رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ مدارس ہیں۔