ریاض: تلبیہ کی گونج میں سنہ 2023 مطابق 1444 ہجری کے مناسک حج کا آغاز آج 8 ذوالحجہ سے ہوگیا ہے اور عازمین حج قافلوں کی صورت میں منیٰ پہنچ گئے ہیں جہاں آج رات وہ قیام کریں گے۔
عازمین حج قافلوں کی صورت تلبیہ کہتے ہوئے منیٰ پہنچ گئے ہیں۔ عازمین حج کے لیے منیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی جدید سہولتوں کے ساتھ بسائی گئی ہے۔
عازمین حج آج کی رات منیٰ میں ہی قیام کریں گے اور کل نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے جہاں حج کا رکن اعظم ’’وقوف عرفات‘‘ ادا کیا جائے گا۔
واضح ہوکہ 160 ممالک سے 20 لاکھ عازمین حج کی زبانوں پر لبیک کی صدائیں ہیں جو فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ منیٰ کے 21 لاکھ 92 ہزار مربع میٹر رقبہ پر پھیلی دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہو چکی ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات اور نگرانی میں حاجیوں کی ہر ممکن خدمت کی جارہی ہے۔