جنیوا:(ایجنسی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ تاہم،اومیکرون ویرینٹ کو ڈیلٹا اسٹرین کے مقابلے کم سنگین بتایا جا رہاہے۔ جو دنیا بھر میں لاکھوں موتوں کی وجہ بنی تھی۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کووڈ- 19 کے اومیکرون قسم کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے جمعرات کو کہا کہ اومیکرون دنیا بھر میں لوگوں کو مار رہا ہے اور اسے ہلکے میں نہیں لینا چاہیے۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادہانام گیبریئس نے کہا کہ ریکارڈ تعداد میں لوگ نئے ویرینٹ کا شکار ہو رہے ہیں – بہت سے ممالک میں اس کی رفتار ڈیلٹا ویرینٹ سے زیادہ ہے – یعنی اسپتال تیزی سے بھر رہے ہیں۔
ٹیڈروس نے ایک نیوز کانفرنس کو بتایا، ’اومیکرون ڈیلٹا کے مقابلے میں کم سنگین ضرور لگ رہاہو، خاص کرٹیکہ لے چکے لوگوں میں،حالانکہ اس کا مطلب یہ بالکل نہیں ہے اسے ہلکے ویرینٹ کے طور پر درجہ بندی کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا،’پہلے ویرینٹس کی طرح اومیکرون لوگوں کو اسپتال پہنچا رہاہے اور یہ لوگوں کو مار رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حقیقت میں معاملوں کی سونامی اتنی بڑی اور تیز ہے کہ یہ دنیا بھر میں ہیلتھ سسٹم پر بھاری پڑ رہاہے ۔
عالمی سطح پر ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری کووڈ- 19 کے اعداد و شمار کے مطابق 27 دسمبر سے 2 جنوری کے ہفتے کے دوران پچھلے ہفتے کے مقابلے انفیکشن کے نئے کیسز میں 71 فیصد اضافہ ہوا ہے۔