نئی دہلی :(ایجنسی)
دہلی میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے قہر کے درمیان دہلی کے لوگوں کے لئے وزیر اعلی اروند کیجریوال کا پیغام آیا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کو کہا کہ ان کی حکومت قومی دارالحکومت میں کووڈ-19 کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئی ہے اور اس وقت گھبرانے کی کوئی بڑی وجہ نہیں ہے ۔ کیجریوال نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی میں کووڈ وبا کے انفیکشن کی شرح پیر کو بڑھ کر 2.70 فیصد پہنچ گئی، جو گزشتہ دو مہینوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس سے دارالحکومت میں کووڈ کے دوبارہ پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں ۔ دہلی میں 5 فروری کو انفیکشن کی شرح 2.87 فیصد تھی ۔
اروند کیجریوال نے صحافیوں سے کہا کہ ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ابھی گھبرانے کی کوئی بڑی وجہ نہیں ہے۔ صورتحال کے مطابق ہم تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ وہیں ایک دن پہلے پیر کو وزیر صحت ستیندر جین نے کہا تھا کہ دہلی حکومت کووڈ کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئی ہے اور جب تک کورونا وائرس کے نئی تشویشناک ویریئنٹ کا پتہ نہیں چل جاتا ، تب تک فکر کرنے کی کوئی بات نہیں ہے ۔
ستیندر جین نے کہا تھا کہ دہلی میں روزانہ 100-200 کے درمیان کیسز آرہے ہیں۔ ہم اسپتال میں داخل مریضوں پر نظر رکھ رہے ہیں اور ان کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ فی الحال انفیکشن کی شرح پر زیادہ توجہ نہیں دی جانی چاہئے۔ بتادیں کہ پیر کو دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے 136 نئے معاملات درج کئے گئے تھے۔
در اصل 13 جنوری کو دہلی میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 28867 معاملات سامنے آئے تھے، جس کے بعد کیسز کی تعداد میں کمی درج کی گئی تھی۔ دہلی میں 14 جنوری کو انفیکشن کی شرح 30.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی ۔ دہلی میں اتوار کو کورونا کی جانچ کیلئے 6114 ٹیسٹ کئے گئے ، جس میں 1.34 فیصد مریض کورونا سے متاثر پائے گئے ۔