نئی دہلی:
کورونا بحران کے درمیان دہلی کے میکس اسپتال نے الزام لگایا کہ اس کے یہاں آنے والے آکسیجن ٹینکر کو اے آئی آئی ایم ایس بھیج دیا گیا، جس کے سبب اس کے مریضوں کی جان خطرے میں پڑ گئی ہے۔ اس معاملے کو لے کر میکس اسپتال نے دہلی ہائی کورٹ کا رخ کیا اور فوراً سماعت کی مانگ کی۔ آکسیجن کے مسئلہ پر سماعت کرتے ہوئے کورٹ نے مرکز ی سرکار سے صنعتی مقاصد کے لئے آکسیجن کی فراہمی کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا۔ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کوپھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ آپ کو طلب اور سپلائی کا کوئی اندازہ کیوںنہیں ہے؟ مرکز کو چاہئے کہ وہ جلد سے جلد اسپتالوں میں آکسیجن بھیجنے کے لئے سڑک پر ایک کوری ڈور بنائےاور اگر ممکن ہو تو آکسیجن کو ایئر لفٹ کرایا جائے ۔ہائی کورٹ نے کہاکہ اس سے زیادہ ہم کیا حکم دے سکتے ہیں۔