گوہاٹی:
آسام میں بدھ کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سینٹر فارسیسمولوجی کے مطابق آج صبح 7:51 بجے محسوس کئے گئے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ضلع سونت پور تھا۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز 26.69 ڈگری شمالی عرض بلد اور 92.36 ڈگری مشرقی طول بلد میں تھا ۔ زلزلے کے جھٹکے گوہاٹی میں بھی محسوس کئے گئے ۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے آسام ، میگھالیہ اوراس سے متصل شمال مشرقی خطے کے علاوہ بھوٹان اور بنگلہ دیش میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔
مودی نے آسام کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آسام کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ہے، جہاں بدھ کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔مسٹرمودی نے بدھ کے روز ٹویٹ کر کے کہا ’’ آسام کے وزیر اعلیٰ سربانند سونوال جی سے ریاست میں محسوس کئے گئےزلزلے سے متعلق بات کی ۔ انہیں مرکز کی جانب سے ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ۔ میں آسام کے عوام کی سلامتی کے لئے دعا گو ہوں‘‘۔