نئی دہلی:(ایجنسی)
الیکشن کمیشن نے پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے ریلیوں اور روڈ شو پر پابندی 11 فروری تک بڑھا دی ہے، تاہم سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لیے کچھ نرمی دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے نئے قوانین کے مطابق اب 500 کے بجائے 1000 افراد کا اجتماع ہو سکے گا۔ ساتھ ہی ان ڈور میٹنگ کے لیے بھی لوگوںکی تعداد 500 تک بڑھا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اب امیدوار 20 لوگوںکےساتھ ڈ ور ٹو ڈور تشہیر کرسکیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں اور الیکشن لڑنے والے امیدواروں کے لیے کورونا پروٹوکول پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈور ٹوڈور مہم کے دوران پہلے سے جاری کردہ ہدایات کا اطلاق ہوگا۔ تاہم سیکورٹی اہلکاروں اور میڈیا والوں کے علاوہ 20 افراد کو ڈور ٹو ڈور مہم میں شامل ہونےکی اجازت دی گئی ہے ۔
بتا دیں کہ 22 جنوری کو الیکشن کمیشن نے پانچ ریاستوں میں ریلیوں اور روڈ شو پر پابندی میں 31 جنوری تک توسیع کی تھی، لیکن جن اسمبلی حلقوں میں پہلے دو مرحلوں میں ووٹنگ ہونی ہے، وہاں زیادہ سے زیادہ 500 لوگوں کی موجودگی میں جلسہ عام کرنے کی اجازت دی تھی۔ ساتھ ہی گھر گھر جاکر تشہیر کرنے کے ضوابط میں بھی چھوٹ دی تھی۔