ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی ننگی جارحیت اور بےگناہ شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطینی قوم کی حمایت میں فوری حرکت میں آنے کا مطالبہ کیا ہے۔جمعہ کے روز ترکی کی حکمراں جماعت ‘انصاف وترقی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں صدر اردوگان نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے نہتے عوام پر اسرائیل نے طاقت کا وحشیانہ استعمال شروع کررکھا ہے۔ عالمی برادری اور مسلم دنیا غزہ کے عوام کو اسرائیلی بربریت سے بچانے کےلیے فوری حرکت میں آئیں۔انہوںنے کہا کہ فلسطینی شہروں القدس، غزہ اور دوسرے علاقوں میں اسرائیلی جرائم اور جارحیت روکنا اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم ‘او آئی سی نے فلسطینیوں کی حمایت میں کوئی جاندار موقف نہ اپنا کر ثابت کیا ہے کہ او آئی سی کا کوئی وجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف جرائم،القدس کے تاریخی شہر کو غصب کرنے اور مسلمانوں اور عیسائیوں کے مذہبی مقامات کو یہودیانے کی سازشیں ناقابل قبول اور حدود سےتجاوز ہیں۔