ریاض
سعودی وزارتِ صحت نےحج بیت اللّٰہ سال 1442 کیلئے نئے پروٹو کولز کی سفارشات پیش کردیں۔
ریاض سے عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے اس سال حجاج کرام کی تعداد 60 ہزار تک محدود رکھی ہے اور عازمین حج کے لیے عمر کی حد 18 سے 60 سال مقرر کی گئی۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق حج درخواست گزار اس بات کی یقین دہانی کرائے گا کہ وہ ہرقسم کی پیچیدہ بیماری سے پاک ہے، ڈائیلیسز یا گزشتہ 6 ماہ میں کسی بیماری کے باعث اسپتال میں داخل نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا۔ حج درخواست گزار کو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں اور پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
وزارت صحت کے مطابق عازمین کو اپنے ملک میں سعودی حکومت کی جانب سے منظور شدہ ویکسین لگوانا ہوگی اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک سعودی عرب پہنچنے سے 14 روز پہلے لگ چکی ہو۔
عازمین کوسعودی عرب پہنچنے سے قبل اپنی حکومت کے منظور شدہ لیبارٹریوں سے پی سی آرٹیسٹ کروانا ہوگا۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق پی سی آر ٹیسٹ سعودی عرب پہنچنے کی تاریخ سے 72 گھنٹے سے زائد کا نہ ہو، پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر کسی بھی مسافر کو جہاز پر چڑھنے نہیں دیا جائے گا۔
حج مقامات پہنچنے پر عازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس، ویکسینیشنز اور پی سی آرٹیسٹ کی جانچ پڑتال کی جائیگی، سعودی عرب میں مقررہ رہائش گاہ پہنچنے پر تین روز قرنطینہ کرنا ہوگا۔